مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کا حملہ، 4 فلسطینی جاں بحق

مقبوضہ بیت المقدس(صباح نیوز)فلسطین کے مغربی کنارے میں جنین پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج نے حملہ کر کے 4 فلسطینیوں کوجاں بحق کر دیا ہے۔فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ قابض اسرائیلی فورسز نے نام نہاد جعلی آپریشن کی آڑ میں صبح جنین پناہ گزین کیمپ میں گھسنے کی کوشش کی تو فلسطینیوں نے مزاحمت کی اور قابض فوجیوں پر پتھر برسائے۔ فسلطینیوں کی جانب سے سخت مزاحمت پر اسرائیلی فوجیوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں چار فلسطینی جاں بحق جبکہ چوالیس سے زائد زخمی ہوئے۔زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری طرف چار فلسطینیوں کی شہادت کے بعد جنین پناہ گزین کیمپ میں شدید احتجاج شروع ہوگیا جس میں عورتوں کی بھی کثیر تعداد شریک ہے، شرکا کی جانب سے اسرائیل مردہ باد کے بعے لگائے جارہے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے بعد ازاں ایک کنڈر گارٹن سینٹر پر بھی بمباری کی جس کے باعث وہ زیرتعلیم کمسن بچوں میں سخت خوف وہراس پھیل گیا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، سینٹر پر اسرائیلی حملے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں گرفتاریوں اور فوجی کارروائیوں کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا ہے جس کے باعث فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپیں عام ہو گئی ہیں۔ ایک سال قبل بھی اسی طرح کی بدامنی کے نتیجے میں 11 روز لڑائی جاری رہی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں