بیت المقدس، مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں سے جھڑپوں میں متعدد فلسطینی زخمی
بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی انتظامیہ نے یہودیوں کے مذہبی تہوار یوم کپور کی آڑ میں بیت المقدس میں غیر اعلانیہ کرفیو لگا کرپورے شہر کا محاصرہ کرلیا ہے۔ شہر کے تمام اہم مقامات پر فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے راستوں کی بندش کے بعد بعض علاقوں کا شہر سے رابطہ کٹ گیا ہے۔مغربی کنارے میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔ الخلیل کے جنوب میں واقع دورا قصبے میں اسرائیلی فوج کے ساتھ تصادم کے دوران متعدد فلسطینی دم گھٹنے سے اس وقت بے ہوش ہوگئے جب فوجی گاڑیوں نے قصبے پر دھاوا بول دیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق جھڑپوں کے دوران فوجیوں نے اسٹن گرنیڈ اور زہریلی آنسو گیس کے گولے داغے جس سے قصبے کے مکین دم گھٹنے سے شدید متاثر ہوگئے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے شہر کے اولڈ سٹی میں اپنے نفری بڑھا دی اور گشت تیز کردیا ہے


