جیکب آباد، ملیریا اور گیسٹرو سے بچی سمیت 2 افراد جاں بحق، سیکڑوں متاثر
جیکب آباد (انتخاب نیوز) جیکب آباد میں ملیریا اور گیسٹرو کی وباءکے باعث بچی سمیت 2افراد جاں بحق، سینکڑوں متاثر، محکمہ صحت وباءکو قابوکرنے میں ناکام۔ جیکب آباد میںملیریا اور گیسٹرو کی وباءکے وار جاری، تحصیل ٹھل میں ملیریا اور گیسٹرو کے باعث ایک بچی یاسمین جمالی اور 50 سالہ لونگ کنرانی جاں بحق ہوگئے جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں بچے، خواتین و بوڑھے ملیریا اور گیسٹرو میں مبتلا ہیں۔ سیلاب اور بارشوں کے بعد ضلع بھر میں ملیریا اور گیسٹرو وباءخطرناک صورت اختیارکرچکی ہے، جس کے باعث ڈیڑھ ماہ کے دوران 155 سے زائد بچے، خواتین و بوڑھے فوت ہوچکے ہیں، محکمہ صحت کی جانب سے ملیریا اور گیسٹروکی روک تھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے روزانہ کئی اموات ہورہی ہیں۔ متاثرہ لوگوں کا کہنا ہے کہ سیلاب کے بعد ملیریا اور گیسٹرو نے تباہی مچائی ہوئی ہے لیکن حکومت کی جانب سے علاج کی کوئی سہولت فراہم نہیں کی جارہی، جس کی وجہ سے لوگ فوت ہورہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملیریا اور گیسٹرو میں مبتلا مریضوں کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرکے ان کی زندگیاں بچائی جائیں۔


