عمران خان آڈیو ٹیسٹ کروائیں، دعوے نہ کریں، سعد رفیق

لاہور (انتخاب نیوز)وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان آڈیو ٹیسٹ کروائیں دعوے نہ کریں، صدر مملکت نے بھی کہہ دیا کہ کوئی سازش نہیں تھی، عمران خان کا سازشی بیانہ دم توڑ گیا۔ خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خلاف بے بنیاد کیسز بنائے گئے لیکن ہم نے انتقامی سیاست کو برداشت کیا۔ عمران خان نے پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں، پی ٹی آئی میں شخصی آمریت ہے جبکہ عمران خان کا اصول اور سچائی سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سازش کا بیانیہ بنانانے کی کوشش کی اور عمران خان کی غلط فہمی ہے کہ ان کے خلاف کارروائی نہیں ہو گی تاہم ہمیں عمران خان کی گرفتاری میں کوئی دلچسپی نہیں۔ ان کی ساری سیاست جھوٹ پر مبنی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ شوکت ترین نے عالمی مالیاتی ادارے سے متعلق معاملے پر جو کیا سب نے دیکھا اور عمران خان کا اب بھی بس چلے تو اپنے مخالفین کو کچا کھا جائیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان آڈیو کو ٹیسٹ کروائیں، دعوے نہ کریں اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی کہہ دیا کہ کوئی سازش نہیں تھی۔ عمران خان کا سازشی بیانہ دم توڑ گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں