مصر میں املا کی غلطی پر استاد کابدترین تشدد، بچی جاں بحق

قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مصر میں استاد نے عربی میں املا کی غلطی پر بہیمانہ تشدد سے کمسن طالبہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بچی پر بدترین تشدد کا واقعہ اتوار کے روز مصر کے طرانیس العرب پرائمری اسکول میں پیش آیا، جہاں املا کی غلطی پر استاد نے بچی پر اس قدر تشدد کیا کہ بچی کی کھوپڑی کی ہڈی ٹوٹنے اور برین ہیمرج ہونے سے بچی کی موت ہوگئی۔ واقعے پر نوٹس لیتے ہوئے مصر کے علاقے الدقھلیہ کے کمشنر ایمن مختار نے اسکول پرنسپل کو عہدے سے برطرف اور عربی کے استاد کو تین ماہ کیلئے معطل کرکے تحقیقات کا حکم دے دیا۔مقتولہ کی والدہ نے عرب میڈیا کو بتایا کہ بیٹی اسکول جاتے وقت خوش تھی کہ ہوم ورک مکمل کرلیا اب استاد مجھے شاباشی دیں گے لیکن کچھ ہی دیر بعد بیٹی کو اسکول انتظامیہ نیم مردہ حالت میں گھر لے آئی۔ والدہ کا کہنا تھا کہ بیٹی کو اسپتال منتقل کیا تو ڈاکٹر نے بتایا کہ بچی کی سر کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی ہیں اور خون دماغ میں جمع ہورہا ہے، ڈاکٹروں نے بچی کو آئی سی یو میں داخل کیا تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں