پاکستانی جوہری پروگرام کسی بھی ملک سے زیادہ محفوظ ہے، ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ(انتخاب نیوز)مرکزی نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے امریکی صدر جو بائیڈن کے پاکستان سے متعلق حقائق کے برعکس اور گمراہ کن بیان جس میں کہا گیا ہے کہ ”پاکستان ایک خطرناک ترین ملک ہے اور اس کا ایٹمی پروگرام بے قاعدہ اور غیر محفوظ ہے“ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے امریکی صدر کے غیر ذمہ دارانہ بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم امریکی صدر کے اس غیر ذمہ دارانہ بیان کو یکسر مسترد کرتی ہے اور ساری دنیا کو یہ باور کرا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان یقینی طور پر ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے جس میں کسی کو بھی کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے ۔ پاکستان دو ارب مسلمانوں کی واحد اسلامی ایٹمی طاقت ہے اور ہمیشہ سے دنیا میں امن کا خواہش مند رہا ہے ۔ایٹمی طاقت حاصل کرنے سے پہلے اور اس کے بعد بھی پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا ہے ۔


