محکمہ فشریز غیرقانونی ٹرالرنگ کیلئے سہولت کار بن گیا، عدالت سے رجوع کریں گے، نیشنل پارٹی
گوادر (انتخاب نیوز) ممنوعہ اور مہلک جالوں کے ذریعے سمندری حیات کی نسل کشی بے دریغ جاری ہے۔ صوبے کی اہم شخصیت کا بھائی اور فشریز افسران غیرقانونی ٹرالرنگ کے لئے سہولت کار بن گئے ہیں۔ نیشنل پارٹی غیر قانونی ٹرالرنگ کے خلاف عدالت میں پٹیشن دائر کرے گی۔ لسبیلہ سے لیکر گوادر تک قائم فشریز آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے صوبائی فشریز سیکرٹری آدم قادربخش نے نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کی رکن میڈم طاہرہ خورشید، نیشنل پارٹی کے تحصیل صدر ناگمان عبدل، بی ایس او پجار کے مرکزی کمیٹی کے رکن ظریف دشتی، نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی شوکت، ناخدا دادکریم اور خواتین ونگ کی میڈم عزیزہ انور کے ہمراہ پریس کلب گوادر میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ گڈانی، ڈام، کنڈ ملیر، ملان، سیکونی سنٹ، ہفتلار، کلمت، زرین، چربندن، شمال بندن، میں چار سو کے قریب ٹرالرز کو مچھلیوں کے غیرقانونی شکار کے لئے مخصوص نمبر جاری کئے گئے ہیں جس کے بعد یہ ٹرالرز سمندر کے ممنوعہ علاقوں میں دیدہ دلیری اور بلا روک ٹوک مچھلیوں کا غیر قانونی شکار کررہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ٹرالرز کو صوبے کی اہم شخصیت کے بھائی سمیت فشریز کے افسران کی سہولت کاری اور تعاون حاصل ہے جو بھاری رشوت کے عوض گڈانی سے لیکر گوادر تک سمندر کو تاراج کررہے ہیں۔انہوں نے مزید الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مچھلیوں کے غیرقانونی شکار میں ڈائریکٹر فشریز میرین لسبیلہ گوادر کے ملکیت کے ٹرالرز بھی ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مچھلیوں کے غیر قانونی شکار کی وجہ سے ماہی گیر نان شبینہ کا محتاج بن گئے ہیں لیکن نیشنل پارٹی ماہی گیروں کے معاشی قتل عام پر کسی بھی صورت خاموش نہیں رہے گی۔ ساحل اور وسائل کا تحفظ ہماری جدوجہد جہد کا اہم محور ہے۔ماہی گیروں کے روزگار کے تحفظ کے لئے نیشنل پارٹی بہت جلد عدالت میں پٹیشن دائر کرے گی اور غیر قانونی ٹرالرنگ کے خلاف نیشنل پارٹی لسبیلہ سے لیکر گوادر تک قائم فشریز آفس کے سامنے ہر ہفتہ اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔ انہوں نے گزشتہ روز اورماڑہ میں نیوی کے اہلکاروں کی جانب سے ماہی گیروں کو زد کوب اور زخمی کرنے کے واقعہ کی بھی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ ماہی گیر کو تشدد کا نشانہ بنانے والے اہلکاروں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔


