دالبندین، کچکی چیک پوسٹ پر عوام کو تنگ کرنیکا سلسلہ بند کیا جائے، بی اے پی
دالبندین (انتخاب نیوز) کچکی چیک پوسٹ پر عوام کو تنگ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار بلوچستان عوامی پارٹی تحصیل دالبندین کے سینئر نائب صدر و ممتاز سیاسی و قبائلی رہنماءسردار بیبرگ خان مینگل نے اپنی رہائش گاہ واقع مینگل ہاﺅس کلی ملک خدائے رحیم میں اپنے حامیوں و برادری سمیت پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر عصمت اللہ ریکی، نصیب اللہ مینگل، عابد ریکی، اسد مینگل، عزیر سمالانی، یاسر خان لجئی، علاوالدین مینگل، عمر مینگل، شعیب مینگل، بابا قاسم حسنی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔سردار بیبرگ خان مینگل نے کہا کہ کچکی چیک پوسٹ پر شیر علی نامی لیویز سپاہی جو کہ معطل شدہ لیویز اہلکار ہے انہیں ڈی سی چاغی اور اسسٹنٹ کمشنر دالبندین نے مذکورہ چیک پوسٹ کا انچارج بنا دیا ہے۔ شیر علی لیویز سپاہی نے روزگار کرنے والے گاڑیوں کو تنگ کرنے کا ایک نہ رکنے والا سلسلہ شروع کردیا ہے زور زبردستی لوگوں سے پیسے لے رہے ہیں، لین دین اور سفارشی گاڑی والوں کو اجازت دی ہے جبکہ عام گاڑی والے یا روزگار کرنے والی گاڑیوں کو نہیں چھوڑتے ہیں، شیر علی نے آر سی ڈی شاہراہ پر اپنا ایک الگ قانون بنا رکھا ہے ان کے کرتوتوں سے کاروباری شخصیات ٹرانسپورٹرز مسافر اور عام لوگ بھی سخت تنگ آچکے ہیں، مذکورہ لیویز سپاہی پر یہ تیسری بار کیس ہوا ہے، اس سے پہلے ایک تاجر کے لوڈ گاڑی کو ویرانے میں لے جاکر لاکھوں روپے رشوت طلب کرلی تھی، ہم سیاسی لوگ ہیں ہمارا تعلق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سابقہ مشیر میر اعجاز خان سنجرانی کی پارٹی بلوچستان عوامی پارٹی اور خان سنجرانی پینل سے ہے، کاروباری لوگ اپنی شکایات ہمارے پاس لاتے ہیں جنھیں ہم میر اعجاز خان سنجرانی اور حکام بالا تک پہنچانے ہیں اسی طرح ہماری شنید میں آیا ہے کہ ضلع چاغی کے مختلف علاقوں میں بالخصوص آر سی ڈی شاہراہ پر کاروباری لوگوں یا سامان لے جانے والی گاڑی والے افراد کو بھتہ گیری، رشوت اور لین دین کے نام پر تنگ کیا جاتا ہے جو کہ سراسر ناانصافی کے مترادف ہے حالانکہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے اعلان پر صوبے بھر کی چیک پوسٹوں کو گرا کر بھتہ گیری کا خاتمہ کردیا گیا مگر ضلع چاغی میں اس کے برعکس ہورہا ہے اس لئے ہم وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، سابقہ مشیر میر اعجاز خان سنجرانی کمشنر ڈپٹی کمشنر چاغی بادل دشتی اسسٹنٹ کمشنر دالبندین عبدالباسط بزدار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کچکی لیویز چیک پوسٹ پر تعینات کرپٹ لیویز سپاہی کو فی الفور ہٹا کر انھیں معطل کرکے سزا دی جائے۔


