بلوچستان فزیو تھراپسٹ کی گرفتاری کیخلاف کمشنر آفس کوئٹہ کے سامنے احتجاج
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلو چستان فیزیو تھراپی ایسو سی ایشن کا احتجاجی کیمپ جمعہ کو بھی پریس کلب کے سامنے جاری رہا،فزیوتھراپسٹس نے ڈاکٹر اسماعیل کی قیادت میں گر فتار ساتھیوں کی رہائی کے لئے احتجاجی ریلی نکالی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کمشنر آفس پہنچی جہاں ریلی کے شرکاءنے دھرنا دیا ۔اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اسماعیل نے کہا کہ فیزیو تھراپسٹس اپنے جائز مطالبات کے لئے پرامن احتجاج کر رہے ہیں پولیس نے گزشتہ دنوں ہمارے ساتھیوں کے پرامن احتجاج کوسبوتاژ کرتے ہوئے انہیں گرفتارکرکے جیلوں میں بند کردیا جس کی ہم مذمت کرتے ہوئے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتارفزیوتھراپسٹس کوفوری طورپر رہا کیا جائے اور ہمارے جائز مطالبات تسلیم کئے جائیں ۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن عبد الحق عمرانی اور ایس پی شفقت جنجوعہ مظاہرین کو ایڈیشنل چیف سیکر ٹری سے مذاکرات کے لئے اپنے ساتھ لے گئے ، ایڈ یشنل چیف سیکر ٹری بلو چستان نے فزیو تھراپسٹس کو یقین دھانی کروائی کہ جلد انکے گرفتارع ساتھیوں کو رہا کر دیا جائے گا جس پر مظاہرین دھرنا ختم کرکے واپس پریس کلب کے سامنے لگائے گئے احتجاجی کیمپ پہنچ گئے ۔


