کوئٹہ پولیس کی گاڑیوں کا فیول کوٹہ کم کردیا گیا، گشت کم ہونے سے وارداتوں میں اضافہ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سٹریٹ کرائم اور بدامنی کی وارداتوں کے تدارک کے لئے پولیس کو گشت کرنے والی گاڑیوں کے فیول کو بڑھانے کے بجائے کم کرنے پر عوامی حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں پہلے ہی سٹریٹ کرائم اور بدامنی کی وارداتیں بڑھتی جارہی ہیں گشت کرنے والی گاڑیوں کو فیول کم کرنے کی وجہ سے پولیس کا موبائل گشت کم ہوگیا ہے اور وارداتین روز کا معمول بن چکی ہیں آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ اور ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ کیپٹن ریٹائرڈ غلام اظفر مہیسر سے اپیل کی ہے کہ شہر میں پیٹرولنگ کرنے والی گاڑیوں کے فیول میں اضافہ کیا جائے اور پولیس کو جو گشت کے لئے 2008ءمیں چوبیس گھنٹوں کے لئے 20 لیٹر ملتا تھا اس کو کم کرکے 12 لیٹر روزانہ کیا گیا اور اب 6 لیٹر دن اور 6 لیٹر رات کے لئے مہیا کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے فیول کم ہونے کے باعث پولیس کی جانب سے شہر میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے گشت نہیں کیا جارہا اور آئے روز اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں بڑھتی جارہی ہیں اس کے تدارک کے لئے ضروری ہے کہ پولیس کی گشت کرنے والی موبائل گاڑیوں کی فیول میں اضافہ کیا جائے ۔


