اوتھل پولیس نے 5 نوسرباز خواتین کو بغیر کارروائی چھوڑ دیا، متاثرین ایس ایس پی کے پاس پہنچ گئے
اوتھل (انتخاب نیوز) اوتھل پولیس نے گزشتہ روز 5 نوسرباز عورتوں کو لوگوں کی شکایت پر گرفتار کرکے بغیر کسی کاروائی کے چھوڑ دیا، متاثرہ لوگ ایس ایس پی لسبیلہ کے پاس پہنچ گئے، ایس ایس پی لسبیلہ دوستین دشتی کی ہدایت پر نوسرباز عورتوں کو وندر سے دوسرے روز گرفتار کرکے تھانے لایا گیا۔ گزشتہ روز کراچی سے ایک ہائی روف گاڑی نمبر CB-6382 میں ایک مرد اور پانچ عورتیں اوتھل کے نواحی علاقے موضع بنودی کے ایک گوٹھ میں اسکریچ کارڈ کے ذریعے سادہ لوح خواتین کو مہنگی قیمت والی اشیاء انعام پر نکلنے کا جھانسہ دے کر سادہ لوح خواتین کو بھلا پھسلا کر تقریباََ 3 لاکھ 42 ہزار روپے کا سونا اور 10 ہزار روپے لے کر رفو چکر ہوگئیں خواتین نے اپنے گھر والوں کو اس ماجرے کی تفصیلات بتائیں تو سادہ لوح خواتین اپنے ورثاء کے ساتھ تھانے پہنچ گئیں، تحریری درخواست دینے پر اوتھل پولیس نے زیروپوائنٹ چیک پوسٹ پر مذکورہ گاڑی جوکہ اوتھل کے دوسرے نواحی علاقے بوہار میں مذکورہ ہائی روف میں سوار 5 نوسرباز خواتین ایک دوسری واردات پر زیرو پوائنٹ چیک پوسٹ پولیس نے پکڑ رکھی تھی کہ اوتھل میں ہونے والی واردات پر اوتھل پولیس نے مذکورہ 5 خواتین عائشہ بی بی دختر فرزند علی، ریحانہ بنت فرزند علی، رخسانہ فاروق زوجہ محمد فاروق،فوزیہ ذوجہ شہزاد، ثناء زوجہ عالم اور ایک مرد اور ہائی روف گاڑی کو اپنی تحویل میں لے لیا 24 گھنٹے اوتھل پولیس نے خواتین کو تھانے میں بند رکھا دوسرے دن متاثرہ خاندان کو بلا کر ڈرا دھمکا کر ایک ان پڑھ متاثر سے درخواست پر دستخط لے کر ملزمان کو چھوڑ دیا، ملزمان کی بدقسمتی کہ گزشتہ رات سے آر سی ڈی شاہراہ پر ٹریفک بند ہونے کی وجہ سے ملزمان فرار ہونے میں ناکام رہے جب متاثرین نے ایس ایس ہی لسبیلہ کو درخواست دی کہ اوتھل پولیس نے ملزمان سے بغیر پوچھ گچھ اور کاروائی کیے چھوڑ دیا ہے جس پر ایس ایس پی لسبیلہ دوستین دشتی نے سخت نوٹس لے کر ایس ایچ او اوتھل کو ہدایت کی کہ نوسرباز خواتین کو فوری طور پر گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا جائے جس پر ایس ایچ او اوتھل نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ ملزمان کے تعاقب میں نکلے اور وندر کے قریب 5 نوسرباز خواتین اور ایک مرد کو گرفتار کرکے ہائی روف گاڑی کو اپنی تحویل میں لے کر مقدمہ درج کرلیا ملزمان سے ابتدائی تفتیش کے بعد مسروقہ سونا اور نقدی برآمد کرلیا اور مزید تفتیش شروع کردی۔


