جیکب آباد، ملیریا کی وباء سے 7 بچے چل بسے، 3 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق
جیکب آباد (انتخاب نیوز) جیکب آباد میں ملیریا نے تباہی مچادی، 7بچے چل بسے۔ جیکب آباد ضلع میں ملیریا کی وباء نے تباہی مچائی ہے ایک روز کے دوران 7 بچے ملیریا میں مبتلا ہوکر فوت ہوچکے ہیں، جبکہ بچوں سمیت ہزاروں افراد ملیریا جیسی جان لیوا بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں، جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے گاؤں منو سرکی میں 5 سالہ بچی اقصیٰ سرکی، گاؤں دوست محمد بھنگر میں 12 سالہ صائمہ، گاؤں مانک جمالی میں 2 سالہ کامران جمالی اور 3 سالہ علی حسن جمالی، گاؤں کھمن گھنیو میں 6 سالہ راشد علی، گاؤں عزیز آباد میں 8 سالہ ہدایت اللہ کھوسو اور داؤ جہانپور میں 7 سالہ الطاف میرالی ملیریا کی وجہ سے فوت ہوچکے ہیں، جیکب آباد میں بارشوں اور سیلاب کے بعد ملیریا کی بڑھتی ہوئی وباء کی روکتھام کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے سیکرٹری حماد اللہ انصاری نے کہا ہے کہ ضلع جیکب آباد میں ملیریا کی وباء نے تباہی مچائی ہوئی ہے لیکن محکمہ صحت کی جانب سے ملیریا کی روکتھام کے لیے کوئی موثر اقدام نہیں اٹھائے گئے جس کی وجہ سے آئے روز معصوم بچے، خواتین و مرد فوت ہورہے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملیریا کے خاتمے اور علاج کے لیے موثر اقدامات کرکے انسانی جانیں بچائی جائیں۔ علاوہ ازیں جیکب آباد میں مزید 3بچوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کا شبہ، ایک ہفتے کے دوران 6بچوں میں وائرس کی موجودگی کا شبہ۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آبادضلع کے مختلف علاقوں میں مزید 3معصوم بچوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے، محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ٹھل کے گاؤں عیسیٰ خان کھوسو میں رخسانہ سرکی، گاؤں یوسف خان کھوسو میں 5سالہ محمد شریف اور گاؤں خیر محمد میں ڈھائی سالہ ضمیر جعفری کا جسم کمزور ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ان میں پولیو وائرس کی موجودگی کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 6بچوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے جس کی وجہ سے محکمہ صحت کے حکام میں کھلبلی مچ ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ چار روزقبل بھی 3بچوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا، متاثرہ بچوں کے جزاء لیکر ٹیسٹ کے لیے بھیج دئیے گئے ہیں۔


