پشتونخواملی عوامی پارٹی اور جمعیت علماء اسلام کے مابین اجلاس
کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی اور جمعیت علماء اسلام کے مابین ضلع قلعہ سیف اللہ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں تعاون کے حوالے سے اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں پشتونخوامیپ کے سینئر ڈپٹی چیئرمین عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، سابق ایم پی اے سید لیاقت آغا،پارٹی کے ضلعی رہنماؤں اور جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیراور وفاقی وزیر مولانا عبدالواسع اور ان کی جماعت کے دیگر ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں دونوں جماعتوں کے درمیان یہ طے ہوا کہ یونین کونسل، میونسپلٹی اور کارپوریشنز کے مخصوص نشستوں پر جیسا کہ کسان، لیبر، اقلیت اور خواتین کی نشستوں پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرینگے اور دونوں جماعتیں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ہر ضلع کی رپورٹ صوبائی پارٹی کو پیش کرینگے۔ دونوں جماعتوں کے اپنے اپنے انتخابی نشانات (کتاب) اور (درخت) پر کامیاب ہونیوالے امیدواروں کی جہاں اکثریت ہوگی اسی کی بنیاد پر ہی مخصوص نشستوں پر امیداواروں کو نامزد کیا جائیگا۔


