سردار اختر مینگل اور آغا حسن کو گرفتار کرنیکا مشیر داخلہ کا بیان احمقانہ ہے، شکیلہ نوید دہوار
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی خواتین سیکرٹری ورکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے صوبائی مشیر داخلہ کی پریس کانفرنس کو اسکرپٹڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشیر داخلہ لوگوں کو لاپتہ کرنے کے بعد اب گرفتارکرنے کا شوق بھی پورا کرلیں۔ صوبائی مشیر داخلہ کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے مزید کہا کہ صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاءلانگو نے اپنی ناکامی اور نالائقی پر پردہ ڈالتے ہوئے بلوچستان کی قومی نمائندہ جماعت کی قیادت پر الزامات لگاتے ہوئے میڈیا کے سامنے آکر بلوچستان کو پسماندہ رکھنے والوں کا اسکرپٹ پڑھ کر سنایا۔ انہوں نے کہا کہ مشیر داخلہ نے جن کی ایماءپر پریس کانفرنس کی ہے ان کرداروں نے ہی بلوچستان میں نفرتوں کے بیج بوئے ہیں ایسے اقدامات سے ان نفرتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد سردار اختر مینگل اور وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ کو گرفتار کرنے کا مشیر داخلہ کا بیان احمقانہ ہے، پارٹی قیادت نے پہلے بھی نہ صرف بلوچستان کے اجتماعی قومی حقوق کیلئے قید وبند کی اذیتیں برداشت کی ہیں بلکہ اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیا۔ مشیر داخلہ اپنی پریس کانفرنس میں لگائے گئے، الزامات پر پارٹی سربراہ سردار اختر مینگل سے معافی مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ ضیاءلانگو لوگوں کو لاپتہ کرنے کے بعد اب گرفتار کرنے کا شوق بھی پورا کرلیں۔


