سی پیک کے تحت 25ارب ڈالر کے 47منصوبے مکمل ہوچکے ہیں، چینی سفیر
ساسلام آباد :پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی مسلح افواج کے درمیان قریبی تعاون، اعتماد اور رابطہ موجود ہے، عسکری و سکیورٹی تعاون میں پیشرفت جاری رہے گی،پاکستان چین کیساتھ اپنے تعلقات کو اپنی خارجہ پالیسی کے بنیادی ستون کے طور دیکھتا ہے، چین پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سکیورٹی اور سماجی و اقتصادی ترقی و خوشحالی کو فروغ دینے میں مدد کر رہا ہے،سی پیک کے تحت25ارب ڈالر سے زائد کی مجموعی سرمایہ کاری کے ساتھ 47 منصوبے شروع یا مکمل کیے جا چکے ہیں اور روزگار کے ڈیڑھ لاکھ مواقع پیدا ہوئے ہیں، سی پیک کے اگلے مرحلے میں ہم پاکستان میں صنعتوں کے فروغ اور اس کی برآمدی مسابقت کو بڑھانے کے لئے صنعت، زراعت، سائنس اور ٹیکنالوجی میں تعاون کو بہتر بنائیں گے،صحت کی راہداری، صنعتی راہداری، ڈیجیٹل راہداری اور گرین کوریڈور جیسے تصورات سی پیک کی اعلیٰ معیار ترقی کا اہم حصہ ہوں گے۔میڈیا کو بھیجے گئے اپنے مضمون میں چینی سفیر نے لکھا کہ چند روز قبل کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 20 ویں نیشنل کانگریس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی اور اسی دوران وزیراعظم شہباز شریف کا چین کا پہلا سرکاری دورہ بھی تھا۔ انہوں نے کہاکہ چین پاکستان تعلقات کیلئے یہ دو بڑے ایونٹس یکے بعد دیگرے آئے جن کی اہمیت نہایت عیاں اور دور رس ہے۔


