نواز شریف کو کس حیثیت میں سفارتی پاسپورٹ جاری کیا گیا؟،بیرسٹر سیف
پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ملک سے فرار ہونے والے نواز شریف کو کس حیثیت میں سفارتی پاسپورٹ جاری کیا گیا ہے۔ ایمپورٹڈ حکومت کے قوانین بھی نرالے ہیں کہ ایک قومی مجرم کو انٹرپول کے ذریعے لانے کی بجائے سفارتی پاسپورٹ جاری کرکے سفارتی پروٹوکول دیا جائے گا۔ اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ ایک قومی مجرم کو کس حیثیت میں پاسپورٹ جاری کیا گیا؟ قانون کے مطابق سفارتی پاسپورٹ ریاست کے معززین اور ڈپلومیٹس کو جاری کئے جاتے ہیں جبکہ نواز شریف پر تو لوٹ کھسوٹ اور چوری کے مقدمات ہیں اور وہ ملک سے فرار ہوئے ہیں۔ معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے قوانین بھی نرالے ہیں۔ قومی مجرم کو انٹر پول کے ذریعے لانے کی بجائے سفارتی پاسپورٹ جاری کرکے سفارتی پروٹوکول دلوایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی پاسپورٹ ملنے کا مطلب ہے کہ آل شریف نے اپنے لئے ایک اور این آر او حاصل کر لیا ہے۔ امپورٹڈ حکومت کا اقتدار میں آنے کا مقصد ہی اپنے رہنماؤں کے لیے این آر او لینا تھا۔ عوام کی فلاح و بہبود کبھی ان کا مقصد ہی نہیں رہی۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ آل شریف کی توجہ اپنے مقدمات ختم کروانے اور اداروں کو اپنا غلام بنانے پر ہے۔


