اسلحہ اٹھانیوالے نوجوان پیدائشی باغی نہیں، 20 نومبر کو گوادر پورٹ ضرور بند کریں گے، ہدایت الرحمن

گوادر (بیورو رپورٹ) حق دو تحریک کے احتجاجی دھرنے کو اکیس روز مکمل ہوگئے۔ اکیسویں روز دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ ہم گزشتہ اکیس دنوں سے پرامن و جمہوری احتجاج کررہے ہیں۔ اپنے آئینی حقوق کے لیے روڈ پر بیٹھے ہیں لیکن ہمیں سننے والا اور پوچھنے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن نوجوانوں نے آج اسلحہ اٹھایا ہے وہ پیدائشی باغی نہیں اور نہ ہی انہوں نے پیدا ہوتے ہی اسلحہ اٹھایا بلکہ انہوں نے بھی یقیناً ایک عرصہ جمہوری جدوجہد کی ہے، وہ بھی پارلیمانی پارٹیوں کا حصہ رہے ہیں، انہوں نے بھی ہماری طرح ٹھوکریں کھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک سال تک دھرنے میں بیٹھیں گے، میں حکمرانوں کو متنبہ کررہا ہوں کہ وہ ہماری آواز سنیں، سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور ہمارے احتجاج کو مذاق مت سمجھیں، جتنی بھی ہمیں دھمکیاں مل رہی ہیں ان دھمکیوں کے باوجود 20 نومبر کو ہر حال میں گوادر پورٹ و ایکسپریس وے کو بند کیا جائیگا کیونکہ 20 نومبر کا احتجاج ہمارا ہدف ہے اور یہ ہدف ضرور حاصل کرینگے۔ اس دن پورے بلوچستان سے لوگ آرہے ہیں اور پورے گوادر سے لوگ نکلیں گے، کہاں کہاں سے لوگوں کو روکا جائیگا۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ 20 نومبر کی ریلی کی بھر پور تیاری کریں۔ دھرنے سے سینئر سیاستدان حسین واڈیلہ، یعقوب جوسکی، صادق فتح، عبدالحفیظ کھیازئی اور شریف میانداد نے بھی خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں