جسے مرضی آرمی چیف لگائیں، ریاستی مشینری استعمال کرکے بھی گھڑی کے علاوہ کچھ نہ نکال سکے، عمران خان

اسلام آباد (انتخاب نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 26 نومبر کو سب کو سرپرائز ملے گا، مجھے ان کی منصوبہ بندی کا علم ہے اور میں آگے کی پلاننگ کررہا ہوں۔ صحافیوں سے ملاقات کے دوران انہوں نے آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق کہا کہ یہ جس کو مرضی چاہیں آرمی چیف لگائیں مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے، اب یہ لوگ دونوں طرف سے پھنس چکے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ الیکشن کرواتے ہیں تو یہ لوگ فارغ ہوجائیں گے، نہیں کرواتے تو ملک دیوالیہ ہونے کا خطرہ ہے، ہماری کوشش ہے جلداز جلد صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن ہو، نئے انتخابات کے علاوہ ملکی مسائل کا کوئی حل نہیں ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ذریعے مجھے پیغامات بھجوائے گئے ہیں لیکن میرا ایک ہی مطالبہ ہے الیکشن کی تاریخ دیں، الیکشن کی تاریخ دیں اس کے بعد ساری بات چیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کرپشن کی داستان سے پوری دنیا واقف ہے، میرے خلاف پوری ریاستی مشینری استعمال کرکے بھی گھڑی کے علاوہ کچھ نہ نکال سکے، گھڑی والے معاملے پر عدالت جارہا ہوں، پورا یقین ہے عدالت میں یہ پروپیگنڈا عیاں ہوجائے گا، انہوں نے کبھی عوام کی طاقت کو سمجھا ہی نہیں ہے۔ عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف لندن کی عدالت میں بھی پھنس چکا ہے، لگتا ہے یہ وہاں بھی آو¿ٹ آف کورٹ سیٹلمنٹ کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں