شراب لائسنس کیس، نیب لاہور کی عثمان بزدار کی عبوری ضمانت خارج کرنے کی استدعا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )نیب لاہور نے شراب لائسنس کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی عبوری ضمانت خارج کرنے کی استدعا کردی۔ نیب کی جانب سے شراب لائسنس کیس میں جواب احتساب عدالت میں جمع کروادیا گیا۔ نیب کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ عثمان بزدار کے خلاف انکوائری قانون اور ضابطہ کے تحت شروع کی گئی ہے۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ شراب لائسنس کیس کی تحقیقات کے دوران ہی آمدن سے زائد اثاثوں کی درخواست بھی موصول ہوئی ہے اورقانون کے مطابق نیب کے پاس شکایت پر تفتیش کرنے کا اختیار موجود ہے۔ متعدد بار عثمان بزدار کو طلب کیا گیا لیکن وہ نیب کے روبرو پیش نہیں ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عثمان بزدار پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے شراب لائسنس جاری کروانے کے لئے دباﺅ ڈالنے کا بھی الزام ہے ، لہذا عثمان بزدارکی عبوری ضمانت خاری کی جائے۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت نے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں پانچ دسمبر تک توسیع کررکھی ہے اور وکلاءکو اس بابت دلائل دینے کی بھی ہدایت جاری کرکھی ہے۔


