چاغی میں امن و امان کی ناقص صورتحال کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال، شہریوں کا لیویز تھانے کے سامنے احتجاج اور دھرنا

چاغی (انتخاب نیوز) چاغی میں بے امنی کے مسلسل واقعات کیخلاف شہریوں کا صبر جواب دے گیا۔ الفتح پینل کے کارکنوں نے لیویز فورس کی تھانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جہاں مظاہرین نے امن عامہ کی گمبھیر صورتحال کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ چاغی میں گزشتہ کئی عرصے سے جاری ڈکیتی راہزنی اور چوری کی وارداتوں کے خلاف شہر میں شٹرڈان ہڑتال بھی کی گئی جبکہ مظاہرین نے ٹائر جلاکر روڈ بھی بند کردی۔ ہڑتال کی کال الفتح پینل نے دی تھی جس کی حمایت مختلف سیاسی حلقوں نے کی۔ ہڑتال کے دوران معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ لیویز تھانے کے سامنے جمع ہوکر احتجاج کرنے والے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ چاغی علاقہ غیر بنتا جارہا ہے روز لوٹ مار کے واقعات پیش آتے ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرنے میں ناکام نظر آتا ہے۔ انہوں نے حکام بالا سے چاغی میں امن کے قیام کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں