گیس کے کم پریشر نے لوگوں کا جینا محال کردیا، کوئٹہ کے عوام جرائم پیشہ افراد کے ہاتھوں یرغمال ہیں، بی این پی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی و ضلعی رہنماؤں نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر کے گمبھیر مسائل کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے شہری گوں نا گوں مسائل و مشکلات سے دوچار ہیں، سریاب روڈ، قمبرانی روڈ، مغربی بائی پاس روڈ ز کے تعمیراتی کام سست روی کا شکار ہیں، گیس پریشر کی کمی اور نہ ہونے سے شہریوں کا جینا محال ہو گیا ہے، حکومت وقت سوئی سدرن گیس عملہ نے دس پندرہ دن کے اندر اندر شاہراہوں کے کاموں کی سست روی ترک نہ کی اور گیس پریشر بحال نہ کیا تو پارٹی سخت احتجاج کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے، کیونکہ بی این پی مزید شہریوں کو تکلیف و مشکلات کے حالات میں دیکھنا نہیں چاہے گی، اور نہ خاموشی اختیار کریگی، کوئٹہ شہر میں راہزنی کے واقعات میں اضافہ پولیس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، آئے روز کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں راہزنی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر کے شہریوں کے جان و مال و چادر و چار دیواری کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے، ان خیالات کا اظہاربلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام جاری تنظیم سازی مہم کے سلسلہ میں کلی سردہ سریاب میں معروف سیاسی و قبائلی شخصیت ٹکری محمد جان شاہوانی مرحوم کے نام پر منسوب نئے یونٹ کے قیام کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ بلوچ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری، چیئرمین جاوید بلوچ،حاجی باسط لہڑی، ضلعی سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی، فنانس سیکرٹری میر محمد اکرم بنگلزئی، پروفیشنل سیکرٹری میر غلام مصطفی سمالانی، انسانی حقوق سیکرٹری پرنس رزاق بلوچ، اسد سفیر شاہوانی،ملک عادل شاہوانی، ملک محمد حسن مینگل،ٹکری یاسر شاہوانی، ملک داؤد خان شاہوانی اور ملک عبدالرسول شاہوانی نے کیا، اس موقع پر نئے یونٹ کے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی تمام تر کوششوں کو بروئے کار لاتے ہوئے علاقے میں پارٹی کو فعال و متحرک بنانے کی خاطر جد و جہد اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، انہوں نے کہا کہ تنظیمی طور پر مضبوط ہوئے بغیر ہم کسی صورت آنے والے حالات واقعات اور چیلنجز کا مقابلہ نہیں کر سکتے، تنظیم کیلئے بنیادی یونٹوں کا اہم کردار ہوتا ہے، جو کہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کارکنان اور عہدیداران پارٹی کو سیاسی نظریاتی طو ر پر مضبوط رکھ کر پارٹی اداروں کو غیر فعال ہونے سے بچایا جا سکتا ہے، اور تمام یونٹس ماہانہ اپنا اجلاس لازمی منعقد کرا کراپنی تنظیمی علاقائی مسائل کو حل کرنے پر توجہ مرکوز رکھیں اور لوگوں کے ساتھ اپنے روابط کو قائم رکھیں، اس وقت بی این پی کوئٹہ میں آباد تمام اقوام اور مذاہب کی نمائندہ سیاسی جماعت ہے پارٹی میں تمام زبانوں اور مذاہب کے لوگ موثر انداز میں موجود حقوق کی جد و جہد میں شریک ہیں۔پارٹی ہرسطح پر لوگوں کے بنیادی حقوق کی خاطر آواز بلند کرینگے، اور عوام کے حق حاکمیت کی جد و جہد کو فروغ دینے کی خاطر عوام کی سیاست میں زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے شعوری جد و جہد پر عملی یقین رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکمران اور انتظامیہ کے ناقص غلط پالیسیوں کے نتیجہ میں آج کوئٹہ کی شاہراہیں کھنڈرات کی شکل میں تبدیل ہو کر لوگوں کیلئے وبال جان بن چکی ہیں، قمبرانی روڈ، سریاب روڈ، سبزل روڈ، مشرقی بائی پاس، مغربی بائی پاس کی شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار لوگوں کے پیدل چلنے کے بھی قابل نہیں، شہری اور تاجر برادری تباہی و بربادی کے حالات میں سفر کر رہے ہیں، جبکہ گیس بجلی اور پینے کے صاف پانی سے بھی یہاں کے عوام محروم ہیں، راہزنی واقعات غریب لوگوں کو اپنے گھروں تک محدود کر دیا ہے، عوام بے یار و مدد گار ہو چکی ہے،اور جرائم پیشہ عناصر کے یرغما ل ہیں، حکومت، پولیس و انتظامیہ کی رٹ کہیں بھی دکھائی نہیں دیتی ہے، جنگل کا قانون ہے کوئی پوچھنے والا نہیں،کہیں بھی قانون کی حکمرانی دکھائی نہیں دیتی ہے۔اربوں روپے امن و امان سیکورٹی صرف حکومتی اہلکاروں اور ہائی پروفائلز کی حفاظت پر مامور ہے جبکہ غریب شہری در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی این پی ایسی عوام دشمن پالیسیوں پر کسی بھی صورت میں خاموشی اختیار نہیں کریگی، حالات و واقعات مسائل کو حل کرنے کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھا یا گیا، سیاسی و جمہوری انداز میں سخت احتجاج کرینگے، اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت انتظامیہ اور پولیس پر عائد ہوگی،اس موقع پر نئے یونٹ کے عہدیداروں کا چناؤ عمل میں لایا گیا۔تین رکنی الیکشن کمیٹی ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی کی نگرانی میں تشکیل دی گئی، ممبران میں ضلعی فنانس سیکرٹری میر محمد اکرم بنگلزئی اور اسد سفیر شاہوانی تھے، یونٹ سیکرٹری کیلئے اسد اللہ شاہوانی ڈپٹی یونٹ سیکرٹری ملک داؤد خان شاہوانی اور ضلعی کونسلر کیلئے ٹکری یاسر شاہوانی منتخب ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں