ڈی آئی خان، پولیو ٹیموں کا جائزہ لینے جانیوالے ڈی پی او پر مسلح افراد کی فائرنگ، حملہ آور فرار

ڈیرہ اسماعیل خان (انتخاب نیوز) پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کے جائزہ کیلئے جانیوالے ڈی پی او ڈیرہ محمد شعیب خان کے اسکواڈ پر ضم شدہ قبائلی تحصیل درازندہ کے علاقہ کھوئی بہارہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ،جوابی فائرنگ میں نامعلوم حملہ آور فرار، ڈی پی او ڈیرہ سمیت پولیس اہلکار محفوظ رہے، واقعہ کی اطلاع پولیس اور پاک فوج کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے، نامعلوم حملہ آوروں کی تلاش کیلئے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری، ایسی مذموم کاروائیوں سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے، ڈی پی او ڈیرہ۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ڈیرہ محمد شعیب خان اپنے سکواڈ کے ہمراہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری خصوصی پولیو مہم کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کے جائزہ کیلئے ضم شدہ قبائلی تحصیل درازندہ کے علاقہ کھوئی بہارہ گئے ہوئے تھے کہ اس دوران نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے ڈی پی او ڈیرہ کے سیکورٹی سکواڈ پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس کے نتیجہ میں ڈی پی او سکواڈ پر مامور ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔ ڈی پی او ڈیرہ کے سیکورٹی سکواڈ کی جانب سے جوابی فائرنگ کے بعد نامعلوم حملہ آورفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے اور خوش قسمتی سے ڈی پی او ڈیرہ محمد شعیب خان سمیت تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور فوج کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے اور نامعلوم حملہ آوروں کی تلاش کیلئے علاقہ میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔ ڈی او ڈیرہ محمد شعیب خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ شرپسندوں کی ایسی مذموم کاروائیوں سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے، اپنی جانوں پر کھیل کرعلاقہ، عوام اور اپنی فورس کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں