عمران خان کو بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ ہوئی، مولانا غفور حیدری

کوئٹہ (انتخاب نیوز)جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ عمران خان کو بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ ہوئی، بڑی طاقتوں نے مل کر عمران خان کو مسلط کیا تھا، جنہوں نے ملک کی معیشت تباہ کر دی، سی پیک کا بیڑا غرق کر دیا۔سیکرٹری جنرل جے یو آئی مولانا عبدالغفور حیدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک پر عمران خان کو مسلط کرنے کی کوشش کی گئی، پی ٹی آئی سے متعلق ہماری ہر بات سچ ثابت ہوئی۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کے دور میں کرپشن کے ریکارڈ ٹوٹ گئے، انہیں اقتدار میں لانے میں بھارت اور امریکی کمپنیوں کا بھی کردار تھا، جنہوں نے فنڈنگ کی۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ بڑی طاقتوں نے مل کر عمران خان کو مسلط کیا تھا، جنہوں نے ملک کی معیشت تباہ کر دی، سی پیک کا بیڑا غرق کر دیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم سے مسلسل جھوٹ بولتے رہے، انہوں نے ساڑھے 3 سال اپوزیشن کو گالیاں دے کر گزارے۔جے یو آئی رہنما نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پہلے ملک کی معیشت بہتر کریں، اسمبلیاں آئینی مدت پوری کریں اور اس کے بعد انتخابات ہوں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں جے یو آئی کا موثر کردار ہو گا، جے یو آئی کے کارکنوں کے لیے بہت بڑی خوش خبری ہے۔مولاناعبدالغفورحیدری نے کہا کہ بدھ کو مولانا فضل الرحمن کوئٹہ کے دورے پر آ رہے ہیں، اس موقع پر بلوچستان کے معززترین افراد جمعیت میں شامل ہونے جا رہے ہیں، نواب اسلم رئیسانی بھی جے یو آئی میں شمولیت اختیار کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں