ہمارا مقصد کرپشن سے پاک بلوچستان ہے، ترقی اور خوشحالی بدعنوانی کے خاتمے پر منحصر ہے، فرح عظیم شاہ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم و صحت کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معاشی خوشحالی کیلئے کوشاں ہے معاشی خود انحصاری کیلئے صوبائی محاصل کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا صوبے میں ٹیکس کلچر کو فروغ دیتے ہوئے ٹیکس گزاروں کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں گی تاکہ درپیش مالی مسائل پر قابو پایا جاسکے۔ ترجمان صوبائی حکومت فرح عظیم شاہ نے کہا کہ صوبائی ترقی و خوشحالی کیلئے ضروری ہے کہ بد عنوانی کا خاتمہ کیا جائے کرپشن کے ناسور کے خاتمے میں حکومت کے ساتھ ساتھ پوری قوم کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور مالی بے ضابطگی کیخلاف آواز اٹھانا ہوگی۔ کسی بھی ملک قوم اور معاشرے کی ترقی و خوشحالی بدعنوانی کے خاتمے پر منحصر ہوتی ہے۔ ہر سال انسداد بدعنوانی کا عالمی دن منانے کا مقصد بھی یہی ہوتا ہے کہ کسی کے ساتھ کوئی ناانصافی نا ہو اور تمام تر امور کی انجام دہی قانون و انصاف کے تقاضوں کے مطابق ہو۔ انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کی مناسبت سے ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ ہمارا مقصد کرپشن سے پاک بلوچستان ہے جہاں پر تمام تر اقدامات قانون و انصاف کے تقاضوں کے مطابق میرٹ پر کیے جانے چاہیئیں۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ تمام افراد کو اپنی ذمے داری کا احساس کرتے ہوئے ذمے دار شہری ہونے کا ثبوت دینا چاہیے تاکہ ملکی و عالمی سطح پر ہمارا امیج بہتر سے بہتر ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں