وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنیکا فیصلہ موخر کردیا، صورتحال واضح ہونے کا انتظار

پشاور (انتخاب نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ مو¿خر کردیا گیا ہے اور پنجاب اسمبلی کی صورت حال واضح ہونے کے بعد پارٹی قیادت کی ہدایت پر عمل کروں گا۔ حیات آباد سپورٹس کمپلکس پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل کا فیصلہ مو¿خر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے پنجاب اسمبلی کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی پنجاب اسمبلی کے معاملے پر غور جاری ہے، پارٹی قیادت اور عمران خان پنجاب اسمبلی کا فیصلہ کریں گے اور اس کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل پر بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جب خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل پر بات ہوگی تو فیصلہ ہوگا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کے ساتھ رابطے میں ہوں لیکن ابھی تک عمران خان نے مجھے اسمبلی تحلیل سے متعلق کوئی ہدایت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ آج عمران خان سے رابطہ ہوگا مگر پہلے پنجاب اسمبلی کے معاملات دیکھے جائیں گے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل عمران خان کے حکم کے مطابق ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد اس امپورٹڈ حکومت کو الیکشن کے لیے مجبور کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں