اسلام آباد کی استعماری و آمرانہ قوتوں نے پشتونخوا وطن پر ریاستی تخریب کاری مسلط کی ہے، این ڈی ایم

کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ ضلع کوئٹہ کا ضلعی کانفرنس صوبائی صدر احمد جان خان کی صدارت میں کوئٹہ پریس کلب میں منعقد ھوا۔ضلعی کانفرنس سے احمد جان خان، مرکزی جنرل سیکریٹری مزمل شاہ، صوبائی جنرل سیکریٹری اسفندیار کاکڑ، صوبائی ترجمان انجینئر ایمل خان ناصر، عنایت شاہ، نیشنل سٹوڈنٹس موومنٹ کے صوبائی آرگنائزر نصیر خان اچکزئی اور نو منتخب صدر فضل رفیع نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ اپنی جمہوری و ترقی پسند نظریات وعمل اور پشتون افغان ملت سمیت محکوم اقوام و عوام کی حقوق و اختیارات کے حوالے سے واضح پالیسی اور پارلیمنٹ سمیت ھر فورم پر نمائندگی کی بدولت باشعور سیاسی کارکنوں، نوجوانوں اور عوام کے ارمانوں کی ترجمان بن چکی ہے اور تنظیمی اداروں کے تشکیل کے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے جس سے جمہوری و ترقی پسند سیاست توانا ھوکر قومی نجات کی بنیادیں فرائم کریگی۔جو نئے دور اور نئے تقاضوں کے مطابق ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے استعماری و آمرانہ قوتوں نے پشتونخوا وطن پر ریاستی تخریب کاری مسلط کی ہے اور ملک کو بدترین سیاسی، معاشی، سماجی بحرانوں کا شکار بنایا ہے اور ملک میں حکمران طبقات کے مابین اقتدار کی موجودہ کشمکش دراصل ان استعماری پالیسیوں کا منطقی نتیجہ ہے۔ مقررین نے کہا کہ ان استعماری و آمرانہ قوتوں نے پشتونوں کے تمام آبی، معدنی ذخائر پر قبضہ جمانے، ہمیں تمام قومی، جمہوری، ثقافتی حقوق و اختیارات سے محروم کرنے کے ساتھ ساتھ پشتونخوا وطن پر تخریب کاری، بدامنی اور بھتہ خوری کی بدترین صورتحال مسلط کی ہیں اور آئے روز ہمارے عوام، سیاسی کارکنوں، تاجروں،پولیس آفیسروں و سپاہیوں سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں کا خون نا حق بہایا جا رہا ہے جس کیخلاف اور امن کے بنیادی انسانی حق کیلئے پورے پشتونخوا وطن میں عوامی مزاحمت جاری ہے جبکہ ریاست اور اس کے ادارے اور ملکی سیاسی پارٹیاں اس سنگین اور تشویش ناک صورتحال پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں جسکی وجہ سے تخریب کاری پورے ملک اور خطے میں میں پھیل سکتی ہیں۔مقررین نے تاریخی افغانستان کی موجودہ صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خواتین کی تعلیم پر پابندی کے افغان عوام اقدام کی شدید مذمت کی اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اور تمام جمہوری قوتوں سے اپیل کی کہ وہ افغانستان کی موجودہ تشویشناک صورتحال پر مزید خاموشی ترک کرکے افغان عوام کو اس سے نجات کیلئے اپنا فریضہ ادا کرے۔ضلعی کانفرنس میں ضلعی عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس کے مطابق فضل رفیع ضلعی صدر، نجیب اچکزئی ضلعی جنرل سیکریٹری، حمید خان ایڈووکیٹ ضلعی ترجمان جبکہ رحمت تاثیر، احسان اللہ، شہباز خان، گل احمد،شفیق خان، ملک ہدایت آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران منتخب ھوئے۔جن سے احمد جان خان نے حلف لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں