کیچ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی، خلاف ورزی پر موٹر سائیکل ضبط اور گرفتاری ہوگی
تربت (انتخاب نیوز) ڈپٹی کمشنر کیچ میجر ریٹائرڈ بشیر احمد بڑیچ نے کہا ہے کہ تربت و کیچ میں سیکورٹی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے آج سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحہ کی نمائش پر دفعہ 144کے تحت پابندی عائد کر دی گئی ہے، خواتین اور بچیوں کو تعلیمی اداروں سے آنے جانے اور ہسپتال لیجانے کیلئے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ تربت شہر سمیت ضلع کیچ میں کچھ دنوں سی سیکورٹی صورتحال اور دستی بم حملوں سے شہری پریشان ہیں، شہریوں کی شکایت پرآج سے ضلع کیچ میں تاحکم ثانی دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، جس کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی، البتہ خواتین اور بچوں کو صبح سے سہ پہر 3 بجے استثنا ہوگی، تاکہ خواتین اوربچیاں ہسپتال اور تعلیمی اداروں میں آجاسکیں،ڈبل سواری کی خلاف ورزی پر بلا تفریق سخت کارروائی ہوگی،موٹرسائیکل ضبط کرنے کیساتھ گرفتاری بھی ہوسکتی ہے،یکم جنوری سے بغیر رجسٹریشن کے موٹرسائیکلوں کوضبط کیاجائیگا، اسلئے شہری اپنی موٹر سائیکل محکمہ ایکسائیز میں رجسٹرڈ کرائیں،ڈی سی کیچ نے مزید بتایا کہ ضلع کیچ میں مسلسل پر تشدد واقعات رونما ہورہے ہیں،لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے سخت اقدامات اٹھانے پرمجبورہیں، حالیہ پر تشدد واقعات، بم حملوں سے شہری اپنے آپکوعدم تحفظ کاشکار محسوس کررہے ہیں، اسلئے شہری پریشان نہ ہوں، ضلعی انتظامیہ انکوتحفظ فراہم کرنے کی یقین دلاتی ہے۔


