خیبر پختونخوا حکومت کا گورنر کو ڈیرہ اسماعیل خان کے دورے کیلئے ہیلی کاپٹر دینے سے انکار
پشاور (انتخاب نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے گورنر غلام علی کو ڈیرہ اسماعیل خان کے دورے کیلئے ہیلی کاپٹر دینے سے انکار کردیا۔ دستاویز کے مطابق گورنر کے پی نے وزیراعظم کے ڈی آئی خان میں استقبال کیلئے صوبائی حکومت سے ہیلی کاپٹر مانگا لیکن حکومت نے ایک سرکاری ہیلی کاپٹر کے ڈاﺅن ہونے کی وجہ بتا کرمعذرت کرلی۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ دوسرا ہیلی کاپٹر وزیراعلیٰ کے کسی بھی وقت ہنگامی دورے کے لیے رکھا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کے پی حکومت کے انکار کے بعد گورنر غلام علی بذریعہ سڑک ڈی آئی خان پہنچے۔ ذرائع کے مطابق کے پی حکومت دو مرتبہ پہلے بھی گورنر کو ہیلی کاپٹر دینے سے معذرت کرچکی ہے، کے پی حکومت کا ہیلی کاپٹر گزشتہ کئی سال سے گورنر ہاﺅس میں لینڈ کررہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی اسمبلی نے سرکاری ہیلی کاپٹرکے استعمال کے بل کی منظوری دے رکھی ہے، سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کا بل گورنرکو دستخط کیلئے بھیجا گیا ہے۔ بل کے تحت 2008ءسے اب تک سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کو قانونی حیثیت دی گئی ہے۔


