بلدیاتی حلقہ بندیوں پر تحفظات، اجلاس بے نتیجہ ختم ہونے پرایم کیوایم اور پی پی میں ڈیڈ لاک برقرار

کراچی(انتخاب نیوز) بلدیاتی حلقہ بندیوں سے متعلق ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات دور کرنے کے لیے بلاول ہاؤس کراچی میں ہونے والا اتحادی جماعتوں کا اجلاس بے نتیجہ ثابت رہا جس کے بعد پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ اجلاس کی صدارت سابق صدر آصف علی زرداری نے کی جس میں ن لیگی وفد نے بھی شرکت کی۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم وفد کی سربراہی خالد مقبول صدیقی کررہے تھے جبکہ وفد میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری ، وفاقی وزیر فیصل سبزواری ، وسیم اختر، جاوید حنیف خواجہ اظہار الحق شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس ختم ہونے کے بعد گورنر سندھ ، نون لیگی اور ایم کیو ایم رہنما میڈیا سے بات کیے بغیر بلاول ہاؤس کراچی سے روانہ ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا جبکہ پی پی اور ایم کیو ایم کے مابین نئی حلقہ بندیوں پر ڈیڈ لاک برقرار ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے بلدیاتی الیکشن نئی حلقہ بندیوں سے مشروط کردیے ہیں اور اجلاس میں بلدیاتی حلقہ بندیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رہنماؤں نے اجلاس میں واضح کردیا کہ نئی حلقہ بندیوں کے بغیر بلدیاتی الیکشن کرائے گئے تو ہم آئندہ لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے۔ اجلاس کے بعد ایم کیو ایم وفاقی وزرا بغیر بات کئے روانہ ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں