تربت میں حکومتی ایما پر چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی پر خاموش نہیں رہیں گے، نیشنل پارٹی

تربت (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی تربت کے ترجمان نے جاری کردہ بیان میں بلیدہ کوچگ میں چادر و چاردیواری کے تقدس کو پامال کرنے اور خواتیں و بچوں کو ہراساں کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ترجمان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نااہل سرکار کے ایماء پر حقوق کے لئے آواز بلند کرنے والوں کے خلاف انتقامی کاروائی کررہا ہے۔ ترجمان نے بی اے پی حکومت اور اتحادی جماعتوں کے آمرانہ عمل کو عوام دشمن و قوم دشمن قرار دیا۔ نیشنل پارٹی عوام پر ہونے والی زیادتیوں کے خلاف خاموش نہیں رہے گی۔ ترجمان نے کہاکہ گزشتہ شب کوچہ بلیدہ گلی میں حاجی ناصر پلیزئی کے گھر پر لیویز گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں حاجی ناصر ایک معتبر اور ذمہ دار انسان ہیں مقامی انتظامیہ اپنی چوری و بھتہ گیری پر پردہ ڈالنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ بلیدہ میں ڈکیتی اور قتل و غارتگری کے واقعات پر انتظامیہ خاموش تماشائی بنی رہی۔ جبکہ حقوق کے حصول کی جدوجہد کرنے والے سیاسی کارکنوں کے گھر، چادر و چاردیواری محفوظ نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ نیشنل پارٹی غیر قانونی گرفتاریوں، ٹرالنگ، بارڈر کرپشن، بھتہ گیری، ٹوکن سسٹم اور ترقیاتی کاموں میں کرپشن کیخلاف آواز اٹھائے گی اور ضلع بھر میں عوامی رابطہ و آگاہی مہم کا آغاز کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں