وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کوئٹہ میں گندم ذخیرہ اور مہنگے داموں آٹا فروخت کرنیوالے 20 افراد گرفتار

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے گندم ذخیرہ کرنے اور مہنگے داموں آٹا فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 20افراد گرفتار کرلیا.واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کو خصوصی ہدایات جاری کی تھیں کہ گندم ذخیرہ کرنے اور مہنگے داموں آٹا فروخت کرنے والوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں۔اس سلسلے میں پرائس کنٹرول کمیٹی سب ڈویژن سریاب نے اسسٹنٹ کمشنر سریاب نثار احمد لانگو کی زیر نگرانی مشرقی بائی پاس ودیگر علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے گیارہ افراد کو گرفتار کرلیا، اسسٹنٹ کمشنر کچلاک وقار کاکڑ کی نگرانی میں کچلاک میں فلور ملوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 9افراد کو ذخیرہ اندوزی اور زائد قیمتوں پر آٹا فروخت کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔ پہلے مرحلے میں آٹا ڈیلروں کیخلا ف کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں جبکہ اگلے مرحلے میں فلور ملز کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، جہاں بھی مہنگا آٹا فروخت کرنے یا ذخیرہ اندوزی کی کوشش کی گئی فوراً کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں