وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی کرپشن کی داستانیں اسلام آباد میں گونج رہی ہیں، زمرک اچکزئی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی وزیر خزانہ و خوراک انجینئر زمرک خان اچکزئی نے وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع کی صوبائی حکومت پر تنقید کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا کسی اور پر بے جا تنقید کرنے سے گریز کریں اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ان کے رشتے دار وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس میں جو کررہے ہیں ان سب سے ہم بخوبی آگاہ ہیں ان کی اپنی کرپشن کی داستانیں پورے اسلام آباد میں گونج رہی ہیں جس کی وجہ سے ہمارا صوبہ بدنام ہو رہا ہے، وہ بلوچستان سے تعلق رکھنے کے باوجود صوبے کے مسائل سے مکمل طور پر ناواقف ہیں انکی توجہ صرف ترقیاتی فنڈ اور ٹھیکوں پر مرکوز ہے، بلوچستان حکومت وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں احسن طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے صوبائی وزیر اپوزیشن کے حلقوں میں حکومتی مداخلت کے الزام کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن تو خود حکومت کا حصہ ہے پھر ان کے حلقوں میں مداخلت کیسے ہوسکتی ہے اور جہاں تک حالیہ آٹے کے بحران کا تعلق ہے وہ گزشتہ روز پریس کانفرنس کر کے عوام کو ہم نے ساری تفصیل سے آگاہ کیا، حکومت بلوچستان اس بحران پر بہت جلد قابو پانے میں کامیاب ہو جائے گی محکمہ خوراک ہر سال دس لاکھ بوری گندم کی خریداری کِرتا ہے اس سال سیلاب کی وجہ سے صرف دو لاکھ بوریوں کی خریداری ہوئی جبکہ باقی ضرورت پاسکوسے خریداری کر کے پوری کررہے ہیں، صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ خوراک صوبہ کی ضرورت کی تمام گندم جوکہ سالانہ ڈیڑھ کروڑ بوری ہوتی ہے خرید نہیں سکتا وہ طلب اور رسد کے مطابق مارکیٹ سے پوری ہوتی ہے مزید یہ کہ مولانا صاحب کی تنگ نظری کا یہ حال ہے کی فیڈرل منسٹر اور بلوچستان سے MNA ہونے کے باوجود بجائے وفاق اور پنجاب سے صوبے کیلئے مزید گندم کی فراہمی کا مطالبہ کر یں وہ اپنے ہی صوبے کے محکمے پر بے بنیاد اور شرانگیز الزامات لگا رہے ہیں جنکا حقیقت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں