جان جاتی ہے تو جائے، بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی نہیں ہونے دینگے، خرم شیر زمان
کراچی(انتخاب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ جان جاتی ہے تو جائے لیکن بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی نہیں ہونے دینگے۔پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے میئر کا امیدوار فائنل کرلیا ہے، عمران خان نے نام فائنل کرلیا صرف اعلان باقی ہے، سب جانتے ہیں کراچی عمران خان کیساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پی ٹی آئی کے 26 ایم پی ایز موجود ہیں، 15 جنوری کے انتخابات کے بعد میئر پی ٹی آئی کا آئے گا، کراچی سے متعلق عمران خان کا جلد بیان سامنے آجائے گا۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور اتحادیوں نے الیکشن سے بھاگنے کی کوشش کی، ان کے الیکشن سے متعلق تمام منصوبے ناکام ہوئے اب یہ دھاندلی کریں گے، دھاندلی نہیں ہونے دیں گے جان جاتی ہے تو جائے، مطالبہ ہے پولنگ اسٹیشنز کے باہر فوج اور رینجرز تعینات کی جائے۔خرم شیر زمان نے کہا کہ الیکشن میں ایم کیو ایم کی نمائندگی صرف 52فیصد ہے، پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ امیدوار کھڑے کئے ہیں، مخالفین کی جیب کھالی تھی تو انہوں نے اکٹھا ہی ہونا تھا۔ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں خرم شیر زمان نے کہا تھا کہ بلدیاتی الیکشن میں روڑے اٹکانے کے بجائے ایم کیو ایم وفاق سے اپنا اتحاد ختم کرے جبکہ الیکشن میں پی ٹی آئی کی وکٹری واضح ہے۔


