بلوچستان میں دانش اسکولوں کے قیام کے منصوبے پر عملدرآمد کے لئے ورکنگ پیپر تیار
کوئٹہ، اسلام آباد (انتخاب نیوز) بلوچستان میں دانش سکول اور سینٹرآف ایکسیلینس کے قیام کے منصوبے پر عمل درآمد کے لئے ورکنگ پیپر تیار کرلیا گیا، دانش سکول اور سینٹرز آف ایکسیلینس کے ذریعے غریب ترین بچوں کو جدید تعلیمی سہولیات دی جائیں گی 20 فیصد نشستیں اْن طالب علموں کے لئے ہوں گی جو فیس اور دیگر اخراجات ادا کرسکیں،دیگر تمام نشستوں پر داخلہ کم ازکم اجرت 25 ہزار ماہانہ سے کم آمدن والے گھرانوں کے بچوں کو دیاجائے گا،دونوں والدین سے محروم یتیم بچے، بیواؤں کے بچے مفت تعلیم حاصل کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے بلوچستان میں عالمی معیار کی درسگاہوں کی تعمیر کے منصوبے کے تحت بلوچستان میں دانش سکول اور سینٹرآف ایکسیلینس کے قیام کے منصوبے پر عمل درآمد کے لئے ورکنگ پیپر تیار کرلیا گیا ہے۔ ورکنگ پیپر کے مطابق بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کے تاریخی منصوبے کے لئے صوبائی اسمبلی باضابطہ قانون سازی کرے گی جس کے تحت بلوچستان میں دانش سکول اینڈ سینٹرز آف ایکسیلینس اتھارٹی قائم کی جائے گی،اتھارٹی کے سربراہ وزیراعلی بلوچستان ہوں گے،چیف سیکرٹری، تعلیم وخزانہ کے صوبائی سیکریٹری اور ایم ڈی اتھارٹی دیگر ارکان میں شامل ہوں گے،وفاقی حکومت کے نامزد کردہ کم ازکم تین نمائندے بھی اتھارٹی کے رکن ہوں گے،اتھارٹی صوبے بھر میں دانش سکولوں اور سینٹرز آف ایکسیلینس کے قیام کے لئے کام کرے گی،اتھارٹی تعلیمی کورسز کی تیاری، وظائف کی تقسیم، امتحانات، نجی وسرکاری اور دیگرذرائع سے فنڈز کے حصول کی ذمہ دار ہوگی،اتھارٹی کے تحت گورننگ باڈی بنائی جائے گی جس کی مدت دو سال ہوگی،گورننگ باڈی پانچ یا اس سے زائد ارکان پر مشتمل ہوگی،گورننگ باڈی دانش سکولوں اور سینٹرز آف ایکسیلینس کے انتظامی ومالی امور چلائے گی،گورننگ باڈی کے ذریعے سکولوں کے پرنسپل اور دیگر عملہ تعینات کیاجائے گا،گورننگ باڈی کے ارکان رضاکارانہ بنیادوں پر کام کریں گے،کوئی مالی فائدہ نہیں لیں گے،گورننگ باڈی شفاف انداز اور میرٹ پر داخلے یقینی بنائے گی۔دانش سکول اور سینٹرز آف ایکسیلینس کے ذریعے غریب ترین بچوں کو جدید تعلیمی سہولیات دی جائیں گی عالمی میعار کے سکول، بہترین نصاب، آئی ٹی اور ٹیکنالوجی سے آراستہ لیبارٹریز بھی قائم ہوں گی اسکولز میں 20 فیصد نشستیں اْن طالب علموں کے لئے ہوں گی جو فیس اور دیگر اخراجات ادا کرسکیں،دیگر تمام نشستوں پر داخلہ کم ازکم اجرت 25 ہزار ماہانہ سے کم آمدن والے گھرانوں کے بچوں کو دیاجائے گا،دونوں والدین سے محروم یتیم بچے، بیوا?ں کے بچے مفت تعلیم حاصل کریں گے،ناخواندہ والدین کے بچوں کو ان سکولوں اور تعلیمی مراکز میں داخلہ دیاجائے گا۔اسکولوں میں بچوں اور بچیوں دونوں کے لئے جدید انفراسٹرکچر، فرنیچر، آئی ٹی لیب اور دیگر سہولیات مہیا کی جائیں گی،ان سکولوں میں بہترین اساتذہ کا تقرر کیاجائے گا، بورڈنگ کی سہولت بھی مہیا ہوگی،بورڈنگ میں بچوں کی بہترین کردار سازی کے لئے جامع نظم تیار کیاجائے گا دانش سکولوں اور سینٹرز آف ایکسیلینس میں ماہر سائیکولوجسٹ اور کیرئیر کونسلنگ کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی کیرئیر کونسلنگ کے ذریعے بچوں کے تعلیمی معیار، مثبت رجحانات اور ترقی کے جذبے کو ابھارا جائے گا۔


