بلوچستان حکومت کی کشتیوں کو تجارتی اسٹیبلشمنٹ اور ماہی گیروں کو لیبر کی حیثیت دینے کی منظوری
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو کی منظوری کے بعد صوبے کے ماہی گیروں کو لیبر کی حیثیت دے دی گئی۔محکمہ محنت و افرادی قوت کی جانب سے ماہی گیروں کو لیبر کی حیثیت دینے کے جا ری کردہ اعلامیہ کے مطابق بلوچستان پہلا اور واحد صوبہ ہے جس نے اپنے ماہی گیروں کو لیبر کی حیثیت دی ہے اس اقدام سے ماہی گیروں کے مفادات و حقوق اور روزگار کا تحفظ یقینی ہوگا، ماہی گیروں کی معاشی و سماجی حالت میں بہتری آئے گی ۔اعلامیہ میں ماہیگیر کشتیوں کو تجارتی اسٹیبلشمنٹ اور ماہی گیروں کو مزدور قرار دیا گیا ۔نو ٹیفکیشن کے اجراء سے ماہی گیروں کے لئے بھی لیبر قوانین کار آمد ہونگے ۔واضع رہے کہ ماہی گیروں کا یہ دیرینہ مطالبہ گزشتہ کئی عرصے سے تھامحکمہ ماہی گیری نے اس ضمن میں بنیادی کردار ادا کیا ۔صوبائی حکومت نے ماہی گیروں کے دیرینہ مطالبہ کو عملی جامہ پہنایا ،ماہی گیروں کی جانب سے حکومتی اقدام کا خیر مقدم کیا گیا ہے ۔


