قدوس بزنجو کو جلد گھر بھیج دیں گے، متحرک رکن کو نیا وزیراعلیٰ بلوچستان بنایا جائیگا، میر سلیم کھوسہ

ڈیرہ اللہ یار (انتخاب نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء رکن صوبائی اسمبلی میر سلیم احمد کھوسہ نے بلوچستان میں تیسری مرتبہ حکومت تبدیلی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ بہت جلد قدوس حکومت کو گھر بھیج کر ایک متحرک رکن کو صوبے کا وزیراعلیٰ منتخب کیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھوسہ ہاوس صحبت پور میں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ قدوس بزنجو صوبے کے عوام کی خدمت اور سیلاب متاثرین کی بحالی میں مکمل طور ناکام ہوچکی ہے 6 ماہ گزر جانے کے باوجود سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اب وقت آگیا ہے کہ بستر دوست وزیراعلیٰ سے صوبے کے عوام کو نجات دلائی جائے جسکے لیے صف بندی شروع ہوچکی ہے آئندہ چند روز میں بلوچستان حکومت تبدیلی کے آثار نمودار ہو جائینگے میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ بلوچستان میں ایری گیشن محکمہ سفید ہاتھی بن چکا ہے گزشتہ 25 سال سے گرین بیلٹ میں نہری نظام کے اربوں روپے ہڑپ کیے گئے، آج گرین بیلٹ تباہی سے دوچار ہے اگر نصیرآباد ڈویژن میں نہری نظام میں ہونے والے کرپشن پر کڑا احتساب کیا جاتا تو آج صوبے میں گندم کا بحران نہ ہوتا بلوچستان دیگر صوبوں کو گندم فراہم کررہا ہوتا۔ ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی جیسی ڈرائنگ روم پارٹی کو نصیرآباد ڈویڑن میں مستحکم کرنے والے ہم اور ہمارے ساتھی تھے لیکن ہماری وفاداریوں کا ہمیں جو صلہ دیا گیا وہ سیلاب کی صورت میں سب کے سامنے ہے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ مجھے بہت پہلے کر لینا چاہیے تھا لیکن دیر آید درست آید اب پیپلزپارٹی میں رہتے ہوئے علاقے کی احساس محرومیوں کا خاتمہ کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرونگا پیپلزپارٹی میں کوئی نیا جیالہ اور پرانا جیالہ نہیں سب جیالے ہیں ہم سب نے ملکر نصیرآباد میں پارٹی اور عوام کی خدمت کرنا ہے جنیوا کانفرنس کی کامیابی کا سہرہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے کہ پوری دنیا سیلاب متاثرین کی امداد پر یکجا ہوگئی دس ارب ڈالر بہت بڑی رقم ہے بلوچستان میں امدادی رقم کو شفاف طریقے سے متاثرین کی بحالی پر خرچ کرنے کے لیے صوبے میں قدوس بزنجو حکومت کی تبدیلی ناگزیر ہے جمہوری لوگ ہیں جمہوری طریقے سے تبدیلی لائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں