قاسم سوری طلبی کے باوجود ایف آئی اے میں پیش نہ ہوئے
اسلام آباد :سینئر صحافی سلیم صافی کے مرحوم ماں باپ کو سوشل میڈیا پر گالیاں دینے پر سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری ایف آئی اے کی طلبی پر بھی ادارے کے سامنے پیش نہ ہوئے جس کے بعد انہیں 18 جنوری کو بذات خود پیش ہونے کیلئے دوسرا نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے 29 نومبر کو اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ پر سلیم صافی کے والدین کو گالی دی تھی جس پر سینئر صحافی نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو اسی روز درخواست دی تھی۔سلیم صافی کی شکایت پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے 10 دن کی مہلت دے کر 2 جنوری کو نوٹس جاری کیا تھا اور قاسم سوری کو 11 جنوری کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم وہ مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہوئے تاہم اب ایف آئی اے سائبر کرائم برانچ نے پی ٹی آئی رہنما کو 13 جنوری کو ایک اور نوٹس جاری کیا ہے جس میں انہیں 18 جنوری کی صبح 11 بجے بذات خود پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے بصورت دیگر ان کے خلاف یکطرفہ کاروائی کا عندیہ دیا ہے۔ واضح رہے کہ عمران خان کی حکومت میں مراد سعید کی طرف سے سینئر صحافی محسن بیگ کے خلاف اسی طرح کی شکایت پر ایف آئی اے نے نوٹس جاری کرنے کی بجائے اسی روز ان کے گھر پر حملہ آور ہوکر انہیں گرفتار کیا تھا۔ محسن بیگ نے کتاب کے جس صفحے کا ذکر کیا تھا اس پر مراد سعید کاذکر بھی موجود نہیں تھا جس کی وجہ سے عدالت نے محسن بیگ کو بری کردیا تھا۔


