پاکستان کا امن خراب کرنے کیلئے تخریب کاروں کو دوبارہ کون واپس لایا؟، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کسی کا نام لیے بغیر سوالات کیے کہ تخریب کاروں کو کون واپس لایا اور کس نے کہا تھا یہ جہادی پاکستان کے دوست ہیں؟ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ 10 سال میں وفاق کی جانب سے کے پی کو ملنے والی رقم کے استعمال پر سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ 417 ارب روپے خیبرپختونخوا کو ادا کیے جاچکے ہیں، 417 ارب روپے کہاں استعمال ہوئے؟ کہا جاتا ہے کہ ہمیں پیسے نہیں ملے لیکن انہیں سالانہ 40 ارب ملے، یہ پیسہ پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بہتری کے لیے استعمال ہونا تھا لیکن پیسہ کہاں گیا خدا جانے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کوسالانہ 40 ارب روپے ملے، اتنے کسی اور صوبے کو نہیں ملے، چاروں صوبوں نے مل کر یہ پیسہ دیا، یہ پیسہ کہاں گیا کوئی نہیں جانتا، گزشتہ دس سال کے پی کو تخریب کاروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا، وہاں گزشتہ دس سال پی ٹی آئی کی حکومت رہی۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ تخریب کاری کا ناسور دوبارہ سر اٹھارہا ہے، سوال یہ ہے کہ ان تخریب کاروںکو دوبارہ کون واپس لایا؟ کس طرح دوبارہ پاکستان کا امن خراب ہوگیا؟ کس نے کہا تھا یہ جہادی ہیں اور پاکستان کے دوست ہیں؟ کس نے کہا تھا ان لوگوں نے ہتھیار ڈال دیے اور یہ ملک کی ترقی میں حصہ لیں گے۔ وزیراعظم نے اجتماعی کوششوں سے تخریبب کاری کے خاتمے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ فوری مناسب اقدامات نہ کیے تو تخریب کاری پاکستان میں پھیل جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں