حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے، 27 سال بعد کوئٹہ میں کرکٹ کا ایونٹ ہورہا ہے، قدوس بزنجو
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کو ترجیح دے رہی ہے، نوجوانوں کے لئے صوبے بھر میں کھیلوں کے میدان اور اسپورٹس کمپلکس بنائے جارہے ہیں، 27 سال بعد کرکٹ کا بڑا ایونٹ آج ہونے جارہا ہے اس ایونٹ کے بعد کوئی جواز نہیں ہوگا کہ کوئٹہ میں بڑے ایونٹ نہیں کروائے جاسکتے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کی شب گورنر ہاﺅس کوئٹہ میں پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور پشاور زلمی کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور پشاور زلمی کے کھلاڑی آفیشلز، چیف سیکرٹری بلوچستان، صوبائی وزرائ، اراکین اسمبلی، سیاسی و قبائلی عمائدین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ میں 27 سال بعد کرکٹ کا بڑا ایونٹ ہونے جارہا ہے ہم پی سی بی اور تمام ذمہ داران کو بتانا چاہتے ہیں کہ بلوچستان کے لوگ کھیلوں سے محبت کرتے ہیں ایونٹ نہ ہونے کی وجہ سے ہم اپنے ہیروز سے دور اور انہیں سپورٹ کرنے سے محروم رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے نمائشی میچ کے 14ہزار سے زائد ٹکٹ دو دن میں فروخت ہوگئے اور لوگ اس قدر دلچسپی لے رہے تھے کہ ہمیں اپنے فون تک بند کرنے پڑے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اور بلوچستان میں ایسے ایونٹس ہونے چاہئیں آج کے میچ کے کامیاب انعقاد کے بعد اس بات کا کوئی جواز نہیں رہے گا کہ کوئٹہ یا بلوچستان میں بڑے ایونٹ نہیں کروائے جاسکتے ہماری کوشش ہے کہ ہر سال ایسے میچز منعقد ہوں۔ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ کھیل ہماری ترجیح ہے، ہم نوجوانوں کے لئے اسپورٹس کمپلکس اور میدان بنارہے ہیں تاکہ صوبے کا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کو بھی قومی ٹیموں میں کھیلنے کا موقع ملنا چاہیے کرکٹ کی ٹیم میں اس وقت ہمارے دو سے تین کھیلاڑی ہیں ہم کسی بھی صورت نہ امید نہیں ہیں، بلوچستان سے بھی جلد بابراعظم اور سرفراز جیسے کر کٹرز نکلیں گے، امید ہے کہ پی سی بی بھی صوبے میں مزید ایونٹس کا انعقاد کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز بالخصوص پاک فوج اور ایف سی نے پی ایس ایل کے میچ کروانے میں بھر پور تعاون کیا ہے انہی کی بد ولت ہم اس ایونٹ کے انعقاد میں کا میا ب ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر ایسے ہی ایونٹس جا ری رہےں تو صوبے سے ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا ساتھ ہی مستقبل میں ایسے ایونٹ بھی کروائے جائیں گے ۔


