پشاور پولیس لائنز مسجد میں کوئی اہلکار اسلحہ، بلٹ پروف جیکٹ یا ہیلمٹ کیساتھ داخل نہیں ہو گا

پشاور (انتخاب نیوز) پشاور پولیس لائنز مسجد میں دھماکے کے بعد مسجد میں داخلے کے نئے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں ۔ایس پی ہیڈ کوارٹرز کیپٹل سٹی پولیس رحیم حسین کی جانب سے نئے احکاما ت جاری کئے گئے ہیں جس کے مطابق پولیس لائنز مسجد میں کوئی اہلکار اسلحہ، بلٹ پروف جیکٹ یا ہیلمٹ کے ساتھ داخل نہیں ہو گا۔ایس پی ہیڈکوارٹرز سی سی پی کا کہنا ہے کہ تمام نمازی تلاشی کے بعد مسجد میں داخل ہوں گے۔واضح رہے کہ پشاور کی پولیس لائنز میں 30 جنوری کو ہونے والے خودکش حملے میںدرجنوںاہلکار شہید اور100سے زائد زخمی ہو گئے تھے ۔دوسر ی جانب پولیس لائنز دھماکے کی مزید تفصیلات سامنے آگئی ہیں جس کے مطابق دھماکے میں ٹی این ٹی دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق خود کش بمبار نے مسجد کے پرانے حصے میں دھماکا کیا ۔ مسجد کے پرانے حصے میں کوئی پِلر موجود نہ تھا اور دیواریں صرف اینٹوں کے سہارے کھڑی کی گئی تھیں۔دھماکے کی وجہ سے دیواریں اور چھت گرنے سے زیادہ تر شہادتیں ہوئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں