کراچی پریس کلب کا لان صحافی صدیق بلوچ کے نام سے منسوب کردیا گیا

کراچی، کوئٹہ (انتخاب نیوز) کراچی پریس کلب کے لان کو معروف صحافی صدیق بلوچ کے نام سے منسوب کردیا گیا۔ افتتاحی تقریب سے انور ساجدی ، ڈاکٹر سلیم کرد ، مجاہد بریلوی ، ڈاکٹر توصیف احمد خان ، ڈاکٹر جبار خٹک ، شاہد حسین ،مشتاق سہیل ، سینئر فوٹو گرافر ظفر احمد ، پریس کلب کے صدر سعید سربازی ، سکرٹری شعیب احمد اور عارف بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صدیق بلوچ ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔ انہوںنے دور ِ طالبعلمی سے لیکر سیاست و صحافت تک انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ انہوںنے سندھ اور بلوچستان کی صحافت میں اعلی مثالیں قائم کیں۔ ان کی صحافتی خدمات کے پیشِ نظر انھیں ایک انسٹیٹیوشن کہنا بے جا نہ ہوگا۔ انھوں نے اس کارِزار میں بے شمار شاگرد پیدا کیے جو آج صحافت میں ایک اعلی مقام رکھتے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ صدیق بلوچ نے بلوچستان کی اکنامی اور سیاست پر انتہائی مستند کتابیں بھی لکھی ہیں، جو ان کا منفرد کارنامہ ہے، صدیق بلوچ کے اقدامات قابل تقلید اور آئندہ نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ اس موقع پر خالق زدران ، عبدالخالق مارشل ، سہیل سانگی ، امتیاز فاران ، نصرالدین مینگل ، شمس کہیریو ، ذوالفقار راجپر ، احتشام سعید پاشا ، رفیق بلوچ ، سعید جان بلوچ ، نصیر احمد ، حیدر شاہ ، بشیر احمد بلوچ ، جی ایم بلوچ ، شفیع بلوچ ، زاہد بارکزئی ، عمران فاکر ، راشد بلوچ سمیت صحافتی ، سیاسی ، علمی و ادبی شخصیات بھی موجود تھے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں