کارسرکار میں مداخلت کا کیس ،شیخ رشید کی ضمانت منظور

مری(مانیٹرنگ ڈیسک)مری کی عدالت نے کار سرکار میں مداخلت کے کیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔جوڈیشل مجسٹریٹ مری محمد ذیشان نے تھانہ مری کے مقدمہ میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ضمانت بعد از گرفتاری پر منظور کرلی شیخ رشید کی طرف سے سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ نے پیروی کی اور موقف اختیار کیا کہ آبپارہ اسلام آباد پولیس نے بغیر وارنٹ کے رات پچھلے پہر شیخ رشید کے تحصیل مری ضلع راولپنڈی کی حدود میں چھاپہ مارا اور گھر کے دروازے توڑ کر زبردستی اندر داخل ہوگئی اور شیخ رشید کو گرفتار کر لیا اور ان کے گھر سے نقد رقم موبائل فونز، قیمتی گھڑیاں، دو بلٹ پروف گاڑیاں اور دیگر قیمتی اشیا لوٹ لیں اور بعد میں ان کے خلاف ہی جھوٹا مقدمہ درج کردیا گھر کی پرائیویسی کو آئین کے تحت تحفظ حاصل ہے بغیر وارنٹ کے کسی کے گھر داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے شیخ رشید ایک سینئر سیاستدان ، پارلیمنٹیرین اور 16 دفعہ وزیر رہے ہیں وہ کوئی دہشت گرد نہیں ہیں جس طرح ان کے گھر پر شب خون مارا گیا اس کی قانون اجازت نہیں دیتا۔۔شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر دلائل کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔بعد ازاں جوڈیشل مجسٹریٹ مری محمد ذیشان نے فیصلہ سناتے ہوئے شیخ رشید کی ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظورکرلی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں