وزیرآباد، اسکول سے واپسی پر فائرنگ سے تین طالبعلم قتل

وزیرآباد(آن لائن) وزیرآباد میں سکول سے واپسی پر فائرنگ سے تین طالبعلم قتل جبکہ راہگیر باپ بیٹے سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ مقتولین کی عمریں 13 ، 15 اور 24 سال بتائی جارہی ہے جبکہ زخمیوں میں راہگیر 7 سالہ سلمان بھی شامل ہے۔ واقعہ نواحی علاقے ساروکی میں پیش آیا۔ پولیس تھانہ احمد نگر نے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال وزیرآباد منتقل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ احمد نگر کے علاقے ساروکی میں مبینہ طور پر سابقہ رنجش کی بنیاد پر تین نوجوان قتل جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شبریز ناصر، حسیب ناصر، اورنگزیب ناصر تین بھائی طالب علم اپنے دوست بلال فیض کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر اسکول سے گھر واپس آ رہے تھے کہ رستہ میں گھات لگائے نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر دی جس سے تینوں موٹر سائیکل سوار طالب علم نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے اور اورنگزیب شدید زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کی زد میں آکر راہگیر 7 سالہ سلیمان اور اس کا والد روزی خان بھی شدید زخمی ہو گئے۔ تینوں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال وزیرآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ بتایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی اس دشمنی کے باعث دونوں گروپ کے کئی افراد قتل و زخمی ہو چکے ہیں۔ احمد نگر پولیس نے نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں