شام کے جنوب مغرب میں داعش کا شہریوں پر حملہ، 53 افراد ہلاک

دمشق (مانیٹرنگ ڈیسک ) شام کے علاقے حمص کے مشرق میں صحرائے الصخنہ کے جنوب مغرب میں داعش کے حملے میں 53 افراد ہلاک ہوگئے۔ شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق داعش کے حملے میں ہلاک ہونے والوں میں 46 شہری اور 7 سکیورٹی اہلکار شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق داعش کے حملے کا نشانہ بننے والے زیادہ تر افراد عام شہری تھے جو صحرا سے کھمبیاں چننے کا کام کرتے تھے۔ دوسری جانب شام کے معاملات پر نظر رکھنے والے انسانی حقوق کے برطانوی ادارے کی جانب سے بھی شام کے پالمیرا ریجن میں داعش کے حملے کی رپورٹ جاری کی گئی تھی۔ برطانوی ادارے کے مطابق حالیہ دنوں داعش کے ارکان کی جانب سے عورتوں، بچوں اور عام لوگوں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے، گزشتہ ہفتے بھی چرواہوں پر اسی نوعیت کا حملہ کیا گیا تھا جس میں 16 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ کئی لوگوں کو اغوا کر لیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں