نقیب اللہ قتل کیس، سابق ایس ایس پی رائو انوار سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز، چار ہفتے میں جواب طلب
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ ہائی کورٹ نے نقیب اللہ قتل کیس میں ملزمان کی بریت کے خلاف دائراپیل پر سماعت کرتے سابق ایس ایس پی رائو انواراحمد خان سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے چار ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں جسٹس شمس الدین عباسی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے نقیب اللہ قتل کیس میں ملزمان کی بریت کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کی۔ عدالت نے رائو انواراحمد خان سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے چار ہفتے میں جواب طلب کر لیا ہے۔ مرحوم نقیب اللہ کے بھائی عالم شیر نے دائر اپیل میںمئوقف اختیار کیا ہے کہ رائو انوار اوردیگر ملزمان کے خلاف تین مقدمات بنتے تھے لیکن انسداد دہشت گردی عدالت نے صرف ایک مقدمہ کی سماعت کر کے اور حقائق اور ثبوتوں کو نظرانداز کر کے ملزمان کو بری کردیا ہے لہذاٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قراردیا جائے ، رائو انوار اوردیگر ملزمان کے خلاف تین الگ، الگ مقدمات قائم کئے جائیں۔


