بارکھان بم دھماکہ، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے رپورٹ طلب کرلی، صدر اور وزیر داخلہ کی مذمت

اسلام آباد (انتخاب نیوز) بلوچستان کے ضلع بارکھان کے رکھنی بازار میں دھماکہ، وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ اور آئی جی بلوچستان سے دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بارکھان رکھنی بازار دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہارافسوس کیا ہے، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ اور آئی جی بلوچستان سے دھماکے کی رپورٹ طلب کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ شہباز شریف نے کہا کہ تخریب کار اپنے انجام سے بچ نہیں سکیں گے،ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کی مثال بنائیں گے،وزیراعظم نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ جبکہ صدر مملکت عارف علوی نے بھی بارکھان دھماکے کی مذمت کی اور قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔ صدرمملکت نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارتعزیت بھی کیا،صدر مملکت نے تخریب کاروں کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ تخریب کار بلوچستان میں امن اور ترقی کے دشمن ہیں، تخریب کار اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ جبکہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی بارکھان میں دھماکے کی مذمت کی،انہوں نے دھماکے کے نتیجے میں انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں