گوادر بندرگاہ کی فعالیت سے ترقی اور روزگار کے مزید در کھلیں گے، چیف سیکرٹری بلوچستان
گوادر (بیورو رپورٹ) چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے گزشتہ روز آر سی ڈی کونسل گوادر میں جاری کتاب میلے کا دورہ کیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے وہاں پر قائم مختلف اسٹال اور آرٹ گیلری کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ گوادر کتاب میلے میں شرکت اور یہاں پر علم و ادب کے متوالوں کا ذوق دیکھ کر انتہائی خوش گوار حیرت ہوئی ہے فن اور ادب کو پذیرائی دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گوادر کے مسائل کے حل لئے کوشاں ہے گوادر بندرگاہ کی مزید فعالیت سے ترقی اور روزگار کے مزید در کھلیں گے۔ گوادر میں واٹر سپلائی کی نئی اسکیم متعارف کی گئی ہے وزیر اعظم اس کا افتتاح کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ماہی گیروں کو ان کے روزگار میں بہتری لانے کے لئے مالی امداد دی جارہی ہے وزیراعظم گوادر میں آکر ماہی گیروں میں چیک تقسیم کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے اسپتال گوادر کی انڈس اسپتال کی انتظامیہ کے حوالے کرنے کے بعد وہاں پر صحت اور علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات میسر ہوگئی ہیں صوبائی حکومت نے اسپتال کے لئے 60 کروڑ روپے کی گرانٹ مہیا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے غیر قانونی ٹرالرنگ کو بھر پور طریقے سے روکا جارہا ہے اس کے خلاف بھر پور کارروائیاں کی گئی ہیں ماہی گیروں کے روزگار کو تحفظ دیا جائے گا۔ انہوں گوادر کتاب میلے کی گرانٹ دس لاکھ سے بڑھا کر 20 لاکھ کرنے کا بھی اعلان کیا۔


