کراچی میں خالد رضا کا قتل، غیر ملکی خفیہ ادارے کے ملوث ہونیکا انکشاف، تفتیشی ذرائع
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں ماہرِ تعلیم خالد رضا کے قتل میں ابتدائی تفتیشی رپورٹ میں بیرون ملک کے خفیہ ادارے کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں ماہرِ تعلیم خالد رضا کے قتل کی ابتدائی تفتیشی رپورٹ تیار کرلی گئی۔ ابتدائی تفتیشی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خالد رضا کے قتل میں ممکنہ طور پر دشمن ملک نے مقامی سہولت کاروں کی مدد سے واردات کی، ملزمان تربیت یافتہ تھے، ایک ہی گولی سر پر مار کر ٹارگٹ کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واردت کے لیے نیا اسلحہ استعما ل کیا گیا ہے، واردت سے ملنے والا تیس بور کا خول پہلے کسی واردت میں استعمال نہیں ہوا، ملزمان جس راستے سے آئے تھے روٹ فوٹیج حاصل کرنےکی کوشش کرہے ہیں۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ اس واردت میں دشمن ملک کا ہاتھ ہوسکتا ہے، اسلام آباد میں امتیاز عالم کا قتل، محمود آباد میں ظہور نامی شہری کا قتل بھی اس سلسلے کی کڑی ہوسکتی ہے۔ تفتیشی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ قتل کی تینوں وارداتوں کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ گلستانِ جوہر کراچی میں بلاک 7 انوار القران کے قریب گزشتہ روز نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے معلم اور فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز پاکستان کے وائس چیئرمین جاں بحق ہوگئے۔


