معاشی و سیاسی چیلنجوں کے حل کیلئے غیر سیاسی قیادت اور ریاستی اداروں کو اعتماد میں لینا ہوگا، سینیٹر منظور کاکڑ
کوئٹہ : ملک کو درپیش معاشی و سیاسی چیلنجوں کے دائمی حل کے لئے متفقہ قومی ایجنڈا مرتب کرناانتہائی ناگزیر ہے۔یہ بات بلوچستان عوامی پارٹی کے سیکرٹری جنرل سنیٹرمنظور احمد خان کاکڑ نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام تر سیاسی قیادت کا یہ فرض ہے کہ وہ اپنے اختلافات سے بالاتر ہوکر غیرسیاسی قیادت اورریاستی اداروں کو باہمی اعتماد میں لیتے ہوئے ایسا قابل عمل قومی ایجنڈا ترتیب دیں جو ملک وعوام کو درپیش تمام مسائل کا احاطہ کرے ۔ انہوں نے کہاکہ آج ملک کو درپیش بحرانی صورت حال کی حساسیت کے مطابق ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ ملک کی موجودہ بحرانی صورت حال کسی ایک جماعت صوبے یا ریاستی ادارے کامعاملہ نہیں بلکہ پاکستان کی سلامتی واستحکام اور عوام کی فلاح و بہبودکا ہے۔منظور کاکڑ نے کہا کہ سیاست کا بنیادی مقصد عوامی خدمت ہے تمام سیاسی جماعتوں کو اسی بنیادی مقصد کے حصول کو اپنانصب العین بنانا چاہئے اور سنجیدگی کامظاہرہ کرتے ہوئے ملک وقوم کے وسیع تر مفاد میں مشترکہ سیاسی سوچ کو فروغ دیں۔ بحیثیت قوم ہمارے پاس زیادہ وقت نہیں اگر سیاسی قوتیں تصادم اور کشیدگی کے راستے پرگامزن رہیں یا ان کے مابین اقتدار کی رسہ کشی جاری رہی تو موجودہ جاری سیاسی و معاشی بحران ملک کی سلامتی اور بقا کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔


