بھارت میں تالاب کی تہہ سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا برآمد

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی ریاست مغربی بنگال میں سیکیورٹی فورسز نے ایک تالاب کی تہہ سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا برآمد کرلیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی بنگال کی ضلع ندیا کے علاقے کلیانی چوکی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ایک تالاب کی تلاشی لی اور اس کی تہہ سے کئی سونے کے بسکٹ برآمد کرلیے۔بی ایس ایف اہلکاروں کا کہنا ہے کہ تالاب سے سونے کے 40 بسکٹ برآمد کئے گئے ہیں، جس کی مالیت ڈھائی کروڑ بھارتی روپے سے زائد بتائی جارہی ہے جبکہ پاکستانی کرنسی میں مالیت 8 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ چند ماہ قبل ایک اسمگلر کا پیچھا کیا تو اس نے تالاب میں چھلانگ لگادی تھی، اسمگلر کو تالاب سے نکالا گیا تو اس کے پس سے کچھ بھی برآمد نہیں ہوا تھا، جس پر اسے چھوڑ دیا گیا۔ اسمگلر اس تاک میں تھا کہ جیسے ہی اس پر سے متعلقہ اداروں کی توجہ پھری وہ تالاب سے سونا نکال لے گا لیکن اس سے پہلے ہی اس حوالے سے ایک خفیہ اطلاع ملی اور بی ایس ایف حکام نے سونا برآمد کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں